چنئی،27؍اپریل( ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا )مدراس ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی قتل کی سازش میں شامل اور اس معاملے میں جیل میں بند نلنی سری ہرن کی قبل از وقت رہائی کی عرضی کو آج مسترد کردیا۔نلنی نے جیل میں 25 سال کی سزا بھگتنے سے متعلق اصول کی بنیاد پر قبل از وقت رہائی کے لئے عرضی دائر کی تھی۔جسٹس کے کے ششی دھرن اور جسٹس آر سبرامنیم کی بنچ نے یہ کہتے ہوئے نلنی کی عرضی مسترد کردی کہ معاملہ پہلے سے سپریم کورٹ میں ہے اس لئے ہائی کورٹ اس میں مداخلت نہیں کرے گا۔ہائی کورٹ کے اس فیصلے پر ردعمل کرتے ہوئے نلنی کے وکیل نے کہا کہ وہ اس معاملے میں سپریم کورٹ میں اپیل کریں گے ۔ نلنی اس وقت تمل ناڈو کی ویلو ر جیل میں بند ہے۔جسٹس ایم ستیہ نارائن نے 1994 کی ریاستی حکومت کی ایک اسکیم کے تحت(جس میں گورنر کے پاس معافی دینے کے اختیارات ہیں) دائر کردہ عرضی کو مسترد کردیا تھا۔اسکیم کے مطابق عمر قید کے سزایافتہ قیدی اگر بیس سال کی قید کی سزا بھگت چکے ہوں تو وہ قبل از وقت رہائی کے حقدار بن سکتے ہیں۔